کپاس کی پیداوار بڑھانے کیلئے جدید آبپاشی نظام کا دائرہ وسیع کیا جائیگا:مجنون محمدوف
صابرآباد ( ترکیہ خبر) آذربائیجان میں کپاس کی پیداوار اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے جدید آبپاشی نظام کے استعمال کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔آذربائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ بات وزیر زراعت مجنون محمدوف نے ضلع صابرآباد میں منعقدہ ایک علاقائی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں 2026 سے 2030 تک کے ریاستی پروگرام کے تحت زراعت، ماہی گیری اور آبی زراعت کی پیداوار اور پراسیسنگ کے شعبوں کی ترقی، خصوصاً کپاس کے شعبے کے اہداف اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر زراعت کے مطابق اس وقت تقریباً 6 ہزار 600 ہیکٹر کپاس کے رقبے کو جدید آبپاشی نظام سے آراستہ کیا جا چکا ہے، جبکہ ریاستی پروگرام کے تحت اس رقبے کو 2030 تک بڑھا کر تقریباً 42 ہزار ہیکٹر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔