آذربائیجان کا روسی بیان پر ردعمل، حقائق مسخ کرنے کا الزام
باکو( تر کیہ خبر) آذربائیجان کی وزارت خارجہ نے روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا کے آذربائیجان اور آرمینیا کے سابق تنازع سے متعلق بیان کو حقائق کے برعکس قرار دے دیا۔آذربائیجان کی وزارت خارجہ کے ترجمان آیکان حاجی زادہ نے مقامی میڈیا کے سوال کے جواب میں کہا کہ قاراباغ خطے اور اجتماعی سلامتی معاہدہ تنظیم (سی ایس ٹی او) سے متعلق روسی ترجمان کے مؤقف میں حقیقت کو مسخ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قاراباغ خطہ ہمیشہ عالمی برادری، بشمول روس، کی جانب سے آذربائیجان کا لازمی حصہ تسلیم کیا جاتا رہا ہے۔آیکان حاجی زادہ کا کہنا تھا کہ آذربائیجان کے ان علاقوں میں سی ایس ٹی او کے طریقہ کار کے اطلاق کا معاملہ بار بار اٹھانا، جو تقریباً 30 سال تک آرمینیا کے قبضے میں رہے، نہ صرف بے بنیاد ہے بلکہ روس کے اپنے سرکاری مؤقف سے بھی متصادم ہے۔انہوں نے کہا کہ قاراباغ کے حوالے سے آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے، اس لیے اس معاملے کو دوبارہ متنازع بنانے کی کوششیں حقائق کے منافی ہیں۔