آذربائیجان کا جزیرہ نما ممالک کے لیے عالمی پروگرام کا اعلان

آذربائیجان کا جزیرہ نما ممالک کے لیے عالمی پروگرام کا اعلان

باکو( تر کیہ خبر) آذربائیجان نے چھوٹے جزیرہ نما ترقی پذیر ممالک (ایس آئی ڈی ایس) کی مدد کے لیے ایک نئے بین الاقوامی پروگرام کا اعلان کیا ہے۔یہ اعلان جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں یونیسکو عالمی ثقافتی ورثہ کمیٹی کے 48ویں اجلاس کے موقع پر عالمی ثقافتی ورثہ مرکز کی جانب سے منعقدہ خصوصی تقریب میں کیا گیا۔عالمی ثقافتی ورثہ مرکز کے زیر اہتمام ہونے والی اعلیٰ سطحی تقریب بعنوان "چھوٹے جزیرہ نما ترقی پذیر ممالک کے لیے عالمی ورثے کی حکمت عملی" میں آذربائیجان نے "چھوٹے جزیرہ نما ترقی پذیر ممالک کے لیے عالمی ورثے کی راہ میں صلاحیت سازی کے لیے جمہوریہ آذربائیجان کے بین الاقوامی تکنیکی معاونت پروگرام" کے آغاز کا اعلان کیا۔یہ پروگرام آذربائیجان کے چارٹرڈ کلچر اینڈ ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد جزیرہ نما ممالک کے ادارہ جاتی نظام اور ماہرین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے۔پروگرام کے تحت چھوٹے جزیرہ نما ممالک کو یونیسکو عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیے جانے والے نایاب اور تاریخی مقامات کے تحفظ، تیاری اور اندراج کے لیے ماہرین کی معاونت اور تکنیکی مدد فراہم کی جائے گی۔یونیسکو میں آذربائیجان کے مستقل نمائندے ایلمان عبداللہ یف نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد یونیسکو کے اہم کاموں میں مزید تعاون فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام جزیرہ نما ممالک کی مخصوص ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی عملی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے معاونت فراہم کرے گا، خصوصاً موسمیاتی تبدیلی کے باعث عالمی ثقافتی ورثے کے تحفظ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوگا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.