باکو میں سمر فیسٹیول “کینڈی فیسٹ” کا دورہ اور سرکس و تھیٹر شوز کی پیشکش
باکو( شوبز ڈیسک) آذربائیجان کی پہلی خاتون نائب صدر لیلیٰ علییوا اور باکو میڈیا سینٹر کی ڈائریکٹر اروزو علییوا نے باکو بلیوارڈ میں منعقدہ سمر فیسٹیول “کینڈی فیسٹ” کا دورہ کیا۔تفصیلات کے مطابق دونوں شخصیات کو فیسٹیول کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، جو یکم جون کو شروع ہوا تھا اور جولائی کے آخر تک جاری رہے گا۔ فیسٹیول میں مختلف عمر کے افراد کے لیے متنوع تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے، جبکہ بچوں کے لیے روزانہ شام 5 سے 7 بجے تک دلچسپ شوز، کھیل اور انٹرایکٹو پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔دورے کے دوران انہوں نے فیسٹیول کے مختلف اسٹالز اور پویلینز کا معائنہ کیا، شرکاء سے ملاقات کی، ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور مختلف تحائف بھی وصول کیے۔بعد ازاں لیلیٰ علییوا اور اروزو علییوا نے اوپن ایئر سرکس “میجک پرل” کا شو دیکھا، جس کے بعد انہوں نے پریوں کی کہانیوں پر مبنی ایک تھیٹر پرفارمنس سے بھی لطف اٹھایا، جس میں روشنی، موسیقی اور ایکروبیٹک مناظر شامل تھے۔