آذربائیجان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات مزید مضبوط، امن عمل کی مکمل حمایت کا اعلان
باکو( ترکیہ خبر) آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے یکم جولائی کو یورپی کمیشن کی صدر ارسلا فان ڈیر لائن کے ساتھ توسیعی ملاقات کی۔ملاقات میں ارسلا فان ڈیر لائن نے آذربائیجان کو یورپی یونین کا ایک اہم اور اسٹریٹجک پارٹنر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقین کے درمیان تعلقات ایک مضبوط بنیاد پر استوار ہیں اور مسلسل فروغ پا رہے ہیں۔انہوں نے صدر الہام علییف کے خطے میں امن کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور اس عمل میں ان کی قیادت کو بھی سراہا۔ملاقات کے دوران آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان تعلقات کی بہتری، دیرپا امن کے قیام، اور باہمی تجارت کے آغاز پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر توانائی اور تجارتی شعبے میں تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔رپورٹ کے مطابق اجلاس میں آذربائیجان سے آرمینیا کو تیل اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کی برآمد اور تیسرے ممالک سے آرمینیا کے لیے آنے والے سامان کی آذربائیجان کے راستے ترسیل کے معاملات پر بھی غور کیا گیا۔ارسلا فان ڈیر لائن نے کہا کہ یورپی یونین آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن ایجنڈے کی مکمل حمایت کرنے کے لیے تیار ہے اور اس عمل میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ خطے میں پائیدار استحکام قائم کیا جا سکے۔