آذربائیجان، یورپی یونین تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
باکو( تر کیہ خبر) آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بائراموف نے 10 ستمبر کو جنوبی قفقاز کے لیے یورپی یونین کی خصوصی نمائندہ مگدالینا گرونو سے ملاقات کی۔ملاقات میں آذربائیجان اور یورپی یونین کے درمیان تعاون، دوطرفہ شراکت داری کے امکانات، خطے کی صورتحال اور جنوبی قفقاز میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فریقین نے آذربائیجان اور یورپی یونین کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور مختلف شعبوں میں تعاون وسعت دینے کے لیے اعلیٰ سطح کے باہمی دوروں اور روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ملاقات میں آذربائیجان اور یورپی یونین کے تعلقات کے ادارہ جاتی اور قانونی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے، شراکت داری کی ترجیحات سے متعلق دستاویز پر مذاکرات مکمل کرنے اور نئے دوطرفہ معاہدے پر بات چیت شروع کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔