سی این این رپورٹ کو بے بنیاد اور من گھڑت ہے:آذربائیجان

سی این این رپورٹ کو بے بنیاد اور من گھڑت ہے:آذربائیجان

باکو( ترکیہ خبر)آذربائیجان کی قومی اسمبلی کی بیرونی مداخلت اور ہائبرڈ خطرات کے خلاف قائم خصوصی کمیٹی نے سی این این کی ایک رپورٹ کو منظم اور مقصدی معلوماتی پراپیگنڈا قرار دیتے ہوئے اس پر سخت ردِعمل دیا ہے۔آذربائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق کمیٹی نے کہا ہے کہ 5 جون 2026 کو سی این این کی جانب سے شائع ہونے والی ایک رپورٹ، جس کا عنوان تھا کہ ایران۔اسرائیل جنگ کے دوران خطے میں ایک خفیہ نیٹ ورک کے تحت آذربائیجان نے فوجی نقل و حرکت میں کردار ادا کیا، مکمل طور پر غیر مصدقہ ذرائع پر مبنی ہے۔کمیٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نوعیت کی رپورٹس خطے میں امن عمل، آذربائیجان کے قومی مفادات اور اس کی بین الاقوامی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں اور یہ ایک منظم غلط معلوماتی مہم کا حصہ ہیں۔مزید کہا گیا ہے کہ اہم سفارتی اور سیاسی مواقع کے دوران آذربائیجان کے خلاف اس نوعیت کی اطلاعات کا پھیلایا جانا کوئی نیا واقعہ نہیں ہے اور اس سے قبل بھی ایسے الزامات سامنے آتے رہے ہیں۔بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ابتدائی تجزیے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس رپورٹ کے بعد مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اسے تیزی سے پھیلایا گیا، جس سے یہ ایک مربوط مہم کی شکل اختیار کر گئی۔کمیٹی نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس مواد کے ذرائع ایسے افراد سے منسلک ہو سکتے ہیں جو ماضی میں آذربائیجان کے خلاف مؤقف رکھتے رہے ہیں، تاہم اس کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔آذربائیجان کے سرکاری حکام نے واضح کیا ہے کہ ملک میں کسی بھی غیر ملکی فوجی موجودگی یا اڈے کی موجودگی نہیں ہے اور نہ ہی اس کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کی جا رہی ہے۔کمیٹی نے سی این این سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس رپورٹ کے حوالے سے وضاحت جاری کرے یا اپنے دعوؤں کو ثابت کرنے کے لیے شواہد عوام کے سامنے پیش کرے۔

© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.