آذربائیجان کا چھوٹے جزیرہ ممالک کیلئے عالمی ورثہ پروگرام کا اعلان

آذربائیجان کا چھوٹے جزیرہ ممالک کیلئے عالمی ورثہ پروگرام کا اعلان

باکو( تر کیہ خبر)آذربائیجان نے چھوٹے جزیرہ ترقی پذیر ممالک (ایس آئی ڈی ایس) کی معاونت کے لیے ایک نئے بین الاقوامی پروگرام کا اعلان کر دیا ہے۔یہ اعلان جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں منعقد ہونے والے یونیسکو عالمی ثقافتی ورثہ کمیٹی کے 48ویں اجلاس کے موقع پر عالمی ثقافتی ورثہ مرکز کی جانب سے منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا گیا۔عالمی ثقافتی ورثہ مرکز کے زیر اہتمام ہونے والی اعلیٰ سطحی تقریب بعنوان "چھوٹے جزیرہ ترقی پذیر ممالک کے لیے عالمی ورثہ حکمت عملی" میں آذربائیجان نے "چھوٹے جزیرہ ترقی پذیر ممالک کے لیے عالمی ورثہ کی صلاحیتوں میں اضافے کے حوالے سے آذربائیجان کی بین الاقوامی تکنیکی معاونت کا منصوبہ" شروع کرنے کا اعلان کیا۔یہ پروگرام آذربائیجان کے چارٹرڈ کلچر اینڈ ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد چھوٹے جزیرہ ممالک کے ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانا، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور یونیسکو عالمی ثقافتی ورثہ فہرست میں شامل کیے جانے والے نایاب تاریخی مقامات کے لیے ماہرین اور تکنیکی معاونت فراہم کرنا ہے۔یونیسکو میں آذربائیجان کے مستقل نمائندے ایلمان عبداللہ یف نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد یونیسکو کی اہم سرگرمیوں میں مزید تعاون فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام چھوٹے جزیرہ ممالک کی مخصوص ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی عملی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مدد دے گا، خاص طور پر موسمیاتی تبدیلیوں سے عالمی ثقافتی ورثے کے تحفظ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوگا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.