آذربائیجان اور اقوام متحدہ کا معاہدہ، آزاد علاقوں میں پائیدار بستیوں کی منصوبہ بندی
باکو( ترکیہ خبر) آذربائیجان کی شہری منصوبہ بندی اور تعمیرات کی ریاستی کمیٹی اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی آبادی (یو این ہیبی ٹیٹ) کے درمیان پائیدار شہری ترقی کے منصوبے پر عملدرآمد کے لیے ایک اہم معاہدہ طے پا گیا ہے۔معاہدے پر نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں آذربائیجان کی شہری منصوبہ بندی اور تعمیرات کی ریاستی کمیٹی کے چیئرمین انار گلی یوف اور یو این ہیبی ٹیٹ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر انا کلاڈیا روس باخ نے دستخط کیے۔اس معاہدے کے تحت آذربائیجان اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی آبادی کے درمیان تعاون کے نئے مرحلے کا آغاز ہوگا۔ یو این ہیبی ٹیٹ آذربائیجان کے آزاد کرائے گئے علاقوں میں جدید، پائیدار اور عوام دوست بستیوں کی تعمیر و منصوبہ بندی میں معاونت کرے گا۔یہ شراکت داری ان شہریوں کے لیے بہتر رہائشی ماحول کی تشکیل میں مدد دے گی جو عظیم واپسی کے دوسرے ریاستی پروگرام کے تحت اپنے آبائی علاقوں میں دوبارہ آباد ہو رہے ہیں۔معاہدے کے مطابق یو این ہیبی ٹیٹ کے عالمی ماہرین آذربائیجانی ماہرین کے ساتھ مل کر جبرائیل ضلع کے گویجاق گاؤں اور کلبجر ضلع کے مولا بیراملی گاؤں کے لیے علاقائی منصوبہ بندی کی دستاویزات تیار کریں گے۔اس منصوبے کا مقصد جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، محفوظ اور ماحول دوست انسانی بستیاں قائم کرنا ہے تاکہ خطے میں پائیدار ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔