آذربائیجان اور سوئٹزرلینڈ کا اقتصادی و سیاسی تعاون بڑھانے پر اتفاق

آذربائیجان اور سوئٹزرلینڈ کا اقتصادی و سیاسی تعاون بڑھانے پر اتفاق

باکو( تر کیہ خبر) آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بائراموف اور سوئٹزرلینڈ کے وفاقی کونسلر و وزیر خارجہ ایگنازیو کاسِس کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مستقبل کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے آذربائیجان اور سوئٹزرلینڈ کے باہمی ایجنڈے، یورپ میں سلامتی و تعاون کی تنظیم (او ایس سی ای) کی ترجیحات، آذربائیجان اور او ایس سی ای کے درمیان تعاون، خطے کی موجودہ صورتحال اور آرمینیا کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے عمل کا جائزہ لیا۔فریقین نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ آئندہ سال دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو 35 سال مکمل ہوجائیں گے۔ رہنماؤں نے اس موقع کو گزشتہ برسوں میں قائم شراکت داری کا جائزہ لینے اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم قرار دیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کی وزارت خارجہ کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں اور باقاعدہ سیاسی مشاورت جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ اس حوالے سے رواں سال اپریل میں باکو میں ہونے والے سیاسی مشاورتی اجلاس کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس سلسلے کو مزید فعال رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔دونوں جانب سے اقتصادی تعاون میں وسعت پر بھی گفتگو ہوئی، خاص طور پر تجارت و اقتصادی تعاون سے متعلق مشترکہ کمیشن کی سرگرمیوں کو اہم قرار دیا گیا۔توانائی کے شعبے کو دوطرفہ اقتصادی تعلقات کا بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے سوئٹزرلینڈ میں سوکار انرجی کی کامیاب سرگرمیوں کو باہمی فائدہ مند تعاون کی نمایاں مثال قرار دیا گیا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.