آذربائیجان اور جان ڈئیر کے درمیان زرعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
باکو( تر کیہ خبر) آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے جان ڈئیر کے سی آئی ایس اور وسطی ایشیا کے سربراہ اور جان ڈئیر والڈورف انٹرنیشنل جی ایم بی ایچ کے چیف ایگزیکٹو افسر چسابا لیکو اور جان ڈئیر کے سی آئی ایس نائب صدر پیٹر ساشے سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران شرکاء نے گزشتہ سال باکو میں صدر الہام علییف اور چسابا لیکو کے درمیان ہونے والی ملاقات کو خوشگوار انداز میں یاد کیا۔مہمانوں نے آذربائیجان میں ہونے والی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں نظر آنے والی پیش رفت نے ان پر گہرا اثر چھوڑا ہے۔چسابا لیکو نے آذربائیجان میں جان ڈئیر کی کامیاب سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے ملک کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے میں کمپنی کی دلچسپی کا اظہار کیا۔ملاقات میں آذربائیجان کے نمایاں زرعی امکانات، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے اس حوالے سے حال ہی میں منظور کیے گئے ریاستی پروگرام کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔دونوں جانب سے آذربائیجان اور جان ڈئیر کے درمیان مستقبل میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا اور زراعت کے مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کے وسیع مواقع پر اتفاق کیا گیا۔واضح رہے کہ امریکا میں 1837 میں قائم ہونے والی جان ڈئیر دنیا کی معروف زرعی، تعمیراتی اور جنگلاتی مشینری تیار کرنے والی کمپنیوں میں شامل ہے، جو 30 سے زائد ممالک میں اپنے کارخانے اور دفاتر چلا رہی ہے۔