ترکیہ خبر

آذربائیجان یورپی بینک تعاون معاہدے مضبوط کرنے پر متفق

آذربائیجان یورپی بینک تعاون معاہدے مضبوط کرنے پر متفق

باکو( ترکیہ خبر) آذربائیجان کے وزیر خزانہ ساحل بابایوف نے یورپی تعمیر نو و ترقیاتی بینک کے ترکیہ اور قفقاز امور کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایلیزابیتا فالچیٹی کی سربراہی میں آنے والے وفد سے ملاقات کی ہے۔آذربائیجان کی وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات میں دونوں فریقین کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے، جاری منصوبوں کی پیش رفت اور مستقبل کی نئی تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ یورپی تعمیر نو و ترقیاتی بینک کے ساتھ شراکت داری ملک کی پائیدار سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک کی 2025 سے 2030 تک کی ملکی حکمت عملی کے تحت معیشت کی تنوع، نجی شعبے کی ترقی، سبز معیشت اور علاقائی رابطوں کو مضبوط بنانے پر کام جاری ہے۔اعداد و شمار کے مطابق اب تک بینک نے آذربائیجان میں 202 منصوبوں کے لیے تقریباً 3.712 ارب یورو کی سرمایہ کاری کی ہے، جبکہ موجودہ سرمایہ کاری پورٹ فولیو 898 ملین یورو تک پہنچ چکا ہے، جس کا بڑا حصہ نجی شعبے سے متعلق ہے۔ملاقات میں گنجہ شہر میں جاری بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں خصوصاً پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے منصوبے کو اہم قرار دیا گیا اور ان کی بروقت تکمیل پر زور دیا گیا۔آذربائیجان کی جانب سے بین الاقوامی ڈونر فنڈز میں شراکت داری کو بھی باہمی تعاون کا اہم حصہ قرار دیا گیا۔