آذربائیجان اور ایسٹونیا کا تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
باکو( تر کیہ خبر) آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بائراموف نے ملک میں تعینات ہونے والی ایسٹونیا کی نئی سفیر ٹینا نرک سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران سفیر ٹینا نرک نے اپنی سفارتی اسناد کی نقل آذربائیجان کے وزیر خارجہ کو پیش کی، جبکہ جیہون بائراموف نے ان کی تعیناتی پر مبارکباد دیتے ہوئے سفارتی ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی، تجارتی، ٹرانسپورٹ، ڈیجیٹل ترقی، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر آذربائیجان میں ایسٹونیا کا سفارتخانہ کھولنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی روابط اور ادارہ جاتی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ملاقات میں آذربائیجان اور ایسٹونیا کے درمیان تجارت و اقتصادی تعاون سے متعلق بین الحکومتی کمیشن کی سرگرمیوں کو اہم قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ کمیشن کا آئندہ اجلاس باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔فریقین نے تعلیمی شعبے میں روابط بڑھانے، طلبہ کے تبادلے کے پروگراموں اور دونوں ممالک کی جامعات کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ایسٹونیا کی سفیر نے کہا کہ ان کا ملک آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کو اہمیت دیتا ہے اور وہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے بھرپور کوششیں کریں گی۔ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔