آذربائیجان، بیلاروس کا تزویراتی شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
باکو( تر کیہ خبر) آذربائیجان کے نائب وزیر خارجہ سمیر شریفوف نے بیلاروس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم ریزنکوف سے ملاقات کی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان قائم تزویراتی شراکت داری اور اسے مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے دونوں ملکوں کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو شراکت داری کے فروغ کی بنیاد قرار دیتے ہوئے قیادت کے کردار کو سراہا۔بعد ازاں آذربائیجان اور بیلاروس کی وزارت خارجہ کے درمیان سیاسی مشاورت کا نیا دور بھی ہوا، جس کی قیادت سمیر شریفوف اور بیلاروس کے نائب وزیر خارجہ پاول اوتیوپن نے کی۔مذاکرات میں دوطرفہ سیاسی روابط میں مثبت پیش رفت کو اجاگر کیا گیا، جبکہ تجارت، معیشت، توانائی، زراعت اور انسانی شعبوں میں تعاون کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔فریقین نے طے شدہ معاہدوں پر عملدرآمد، علاقائی و عالمی اداروں میں باہمی تعاون اور دیگر مشترکہ دلچسپی کے علاقائی و دوطرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔