آذربائیجان کے سفیر کی پین افریقی پارلیمنٹ کے صدر سے ملاقات
باکو( تر کیہ خبر) جنوبی افریقہ میں آذربائیجان کے سفیر حسین رحیمی نے پین افریقی پارلیمنٹ (پی اے پی) کے صدر فاتح بوتبیگ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران آذربائیجانی سفیر نے فاتح بوتبیگ کو پین افریقی پارلیمنٹ کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ان کے مستقبل کے اقدامات میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس عہدے کے ذریعے پین افریقی پارلیمنٹ اور آذربائیجان کی ملی مجلس کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔حسین رحیمی نے کہا کہ آذربائیجان کی ملی مجلس افریقی ممالک کی پارلیمانوں کے ساتھ دوطرفہ سطح پر اور عالمی پلیٹ فارمز کے ذریعے تعلقات کے فروغ کو خصوصی اہمیت دیتی ہے، جبکہ اس شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔پین افریقی پارلیمنٹ کے صدر فاتح بوتبیگ نے کہا کہ ملی مجلس اور غیر وابستہ تحریک کے پارلیمانی نیٹ ورک کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے سے پارلیمانی سفارت کاری کے بنیادی مقاصد، جن میں مکالمہ، یکجہتی اور مشترکہ اقدامات شامل ہیں، کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔