اے ایس ایم ایل کی شاندار کارکردگی، مصنوعی ذہانت کی طلب میں اضافہ
انقرہ( ویب ڈیسک) یورپ کی سب سے بڑی مارکیٹ ویلیو رکھنے والی ٹیکنالوجی کمپنی اے ایس ایم ایل نے سہ ماہی نتائج میں ایک بار پھر مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت (اے آئی) نظاموں کی بڑھتی طلب کے باعث اپنی فروخت کی پیش گوئی میں اضافہ کردیا ہے۔اے ایس ایم ایل عالمی ٹیکنالوجی صنعت میں انتہائی اہم مقام رکھتی ہے، کیونکہ اس کے تیار کردہ آلات سے بننے والی سیمی کنڈکٹر چپس اسمارٹ فونز سے لے کر جدید دفاعی نظاموں تک مختلف شعبوں میں استعمال ہوتی ہیں۔مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے خدشات کے باعث ٹیکنالوجی مارکیٹ میں حالیہ اتار چڑھاؤ کے بعد سرمایہ کاروں کی نظریں اے ایس ایم ایل کے نتائج پر مرکوز تھیں۔تاہم کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کرسٹوف فوکے نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اب بھی کمپنی کی ترقی کو آگے بڑھانے والی ایک اہم قوت ہے۔انہوں نے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے باعث سیمی کنڈکٹرز اور جدید آلات کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جو کمپنی کے مستقبل کے امکانات کو مضبوط بنا رہا ہے۔