صدر علییف کی امریکی سینیٹر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو
باکو( ترکیہ خبر)آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے 7 جولائی کو امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے رکن اور یورپی و علاقائی سلامتی تعاون سے متعلق ذیلی کمیٹی کے سربراہ سینیٹر اسٹیو ڈینز سے ملاقات کی۔رپورٹ کے مطابق صدر الہام علییف نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دوسری بار امریکا کے صدر منتخب ہونے کے بعد آذربائیجان اور امریکا کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی دوطرفہ تعلقات میں کامیابی کے ساتھ پیش رفت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات اب اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک پہنچ چکے ہیں، جو نہ صرف آذربائیجان اور امریکا بلکہ پورے خطے کے لیے بھی انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔صدر آذربائیجان نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے آذربائیجان کے دورے کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر آذربائیجان اور امریکا کی حکومتوں کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے منشور پر دستخط دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوئے۔الہام علییف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنے ذاتی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن عمل کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔آذربائیجانی صدر نے کہا کہ سینیٹر اسٹیو ڈینز کے گزشتہ دورہ آذربائیجان کے بعد تاریخی نوعیت کے اہم واقعات رونما ہوئے۔ انہوں نے آذربائیجان اور امریکا کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سینیٹر کی کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔