علییف کی عالمی ریسلنگ فیڈریشن کے سربراہ سے ملاقات
باکو( تر کیہ خبر)آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے 29 جولائی کو یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ (یو ڈبلیو ڈبلیو) کے صدر نیناد لالووچ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اپنی سابقہ ملاقاتوں کو خوشگوار انداز میں یاد کیا۔نیناد لالووچ نے صدر الہام علییف سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے باکو میں منعقد ہونے والی انڈر 17 ورلڈ ریسلنگ چیمپئن شپ کے بہترین انتظامات کو سراہا۔انہوں نے اس ایونٹ کے انعقاد اور یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ کی سرگرمیوں کے لیے صدر الہام علییف کی حمایت کی بھی تعریف کی۔یو ڈبلیو ڈبلیو کے صدر نے آذربائیجان میں ریسلنگ کے فروغ کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک مختلف عالمی ریسلنگ مقابلوں کی میزبانی کر چکا ہے، جبکہ یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ اور آذربائیجان ریسلنگ فیڈریشن کے درمیان کامیاب تعاون جاری ہے۔صدر الہام علییف نے کہا کہ باکو میں ہونے والی انڈر 17 ورلڈ ریسلنگ چیمپئن شپ نوجوان کھلاڑیوں کے مستقبل میں کامیابیوں کے لیے اہم ثابت ہوگی۔انہوں نے آذربائیجان میں ایسے بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کے مسلسل انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔