کابل( مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے وزیرِ داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی نے کابل اور اسلام آباد کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے پاکستانی علماء اور نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کے حالیہ بیانات کو سراہا ہے۔افغان ٹیلی ویژن چینل طلوع نیوز کے مطابق کابل میونسپلٹی اور دیگر اداروں کی کارکردگی کے اعتراف میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الدین حقانی نے کہا کہ وہ ایسے تمام بیانات کی قدر کرتے ہیں جو دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان مسائل کے حل میں مددگار ہوں۔وزیرِ داخلہ نے بتایا کہ پاکستان کے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے حال ہی میں افغانستان کے حوالے سے مثبت بیانات دیے، جن کا افغان حکومت خیرمقدم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں علماء کے اجتماع میں مولانا فضل الرحمٰن اور مفتی تقی عثمانی نے افغانستان کے حق میں بیانات دیے، جس پر افغان حکومت شکر گزار ہے۔سراج الدین حقانی نے مزید کہا کہ اسلامی امارات علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے پرعزم ہے، افغان عوام کسی کے لیے خطرہ نہیں ہیں اور نہ ہی کوئی غلط ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان امن اور بھائی چارے کا پیغام دنیا کے ساتھ بانٹنا چاہتا ہے اور اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک خدشات دور کرنا چاہتے ہیں۔وزیرِ داخلہ نے دیگر ممالک سے افغانستان کی تعمیرِ نو میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی اور افغان شہریوں سے بھی اسلامی امارت کے ساتھ تعاون کا مطالبہ کیا۔واضح رہے کہ پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ پاکستان افغانستان کے لیے خیرسگالی رکھتا ہے اور افغان سرزمین کو کسی بھی ممکنہ خطرے کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گا۔ اسحاق ڈار نے کابل میں علماء کے اجتماع کے بیانات کا بھی خیرمقدم کیا، جس میں زور دیا گیا کہ افغانستان کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہو۔