ترکیہ خبر

افغان مندوب کی طالبان حکومت پر سخت تنقید، اقوام متحدہ کی نشست کے دعوے کو مسترد

افغان مندوب کی طالبان حکومت پر سخت تنقید، اقوام متحدہ کی نشست کے دعوے کو مسترد

نیویارک( مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ میں افغانستان کے قائم مقام مندوب نصیر احمد فائق نے طالبان حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے دہشت گرد، غیر قانونی اور عوام دشمن قرار دیا ہے۔انہوں نے طالبان کے اقوام متحدہ میں نشست کے دعوے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے میں نمائندگی صرف انہی حکومتوں کا حق ہے جو عوامی خواہشات کے مطابق اقتدار میں آئی ہوں۔سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں طالبان حکومت نے نہ افغان عوام کے مطالبات پورے کیے اور نہ ہی عالمی برادری کے ساتھ تعاون کیا۔ ان کے مطابق افغانستان میں عدم استحکام، بدامنی اور دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔نصیر احمد فائق نے مزید کہا کہ ملک میں کوئی مستحکم اور قانونی قومی نظام موجود نہیں، جبکہ کرپشن، بے روزگاری، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسے حالات میں طالبان کس بنیاد پر اقوام متحدہ میں نمائندگی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ماہرین کے مطابق یہ سخت ردعمل عالمی سطح پر طالبان حکومت کے طرزِ حکمرانی پر پائے جانے والے شدید تحفظات اور عدم اعتماد کی عکاسی کرتا ہے، جس کے باعث افغانستان کو سفارتی تنہائی اور معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔