باکو سمر انرجی اسکول کے 20ویں ایڈیشن کا آغاز
باکو( ترکیہ خبر) آذربائیجان میں اے ڈی اے یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ فار ڈیولپمنٹ اینڈ ڈپلومیسی کے زیرِ اہتمام باکو سمر انرجی اسکول کے 20ویں سالانہ ایڈیشن کا آغاز 6 جولائی سے ہو گیا۔اس سال کے پروگرام کا مرکزی موضوع توانائی کی سلامتی اور جدت (انوویشن) ہے۔ دو ہفتوں پر مشتمل اس تعلیمی سلسلے میں توانائی کی عالمی سلامتی، عالمی توانائی منڈیاں، جغرافیائی سیاسی چیلنجز، توانائی میں سرمایہ کاری اور عالمی توانائی نظام میں آذربائیجان کے اسٹریٹجک کردار جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی جائے گی۔افتتاحی تقریب سے حافظ پاشایف (رئیس اے ڈی اے یونیورسٹی)، مختار بابایف (آذربائیجان کے صدر کے ماحولیاتی امور کے نمائندہ)، ایلنور سلطانوف (نائب وزیر توانائی آذربائیجان)، زیبا مصطفیٰ یوا (نائب صدر اسٹیٹ آئل کمپنی آف آذربائیجان - سوکار)، جیووانی کرسٹوفولی (بی پی ریجنل صدر برائے آذربائیجان، جارجیا اور ترکیہ) اور الگار ابراہیمیلی (وی پی ایکسٹرنل افیئرز اینڈ کمیونیکیشنز، جی ایل گروپ) نے خطاب کیا۔پروگرام کے دوران ماہرین توانائی کے شعبے میں عالمی رجحانات اور مستقبل کے چیلنجز پر تبادلہ خیال کریں گے، جبکہ شرکاء کو جدید توانائی پالیسیوں اور تحقیق سے متعلق اہم معلومات فراہم کی جائیں گی۔