آذربائیجان میں 15واں گابالا میوزک فیسٹیول شروع
باکو ( کلچر ڈیسک)حیدر علییف فاؤنڈیشن کی جانب سے شروع کیے گئے اور وزارت ثقافت کے تعاون سے منعقد ہونے والے 15ویں گابالا انٹرنیشنل میوزک فیسٹیول کا آغاز ہو گیا۔یہ میلہ عزیر حاجی بیلی باکو اکیڈمی آف میوزک اور "گیلان" کے تعاون سے 29 جولائی کو شروع ہوا۔افتتاحی تقریب میں باکو اکیڈمی آف میوزک کے طلبہ پر مشتمل سمفنی آرکسٹرا نے عوامی فنکار رامز ملک اسلانوف کی قیادت میں شاندار پرفارمنس پیش کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عزیر حاجی بیلی باکو اکیڈمی آف میوزک کے ریکٹر اور عوامی فنکار فرہاد بدلبیلی نے کہا کہ یہ میوزک فیسٹیول مسلسل 15 سال سے کامیابی کے ساتھ منعقد ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے معروف سولو فنکاروں، سمفنی آرکسٹراز، گلوکاروں، موسیقاروں، کنڈکٹرز اور دیگر فنکاروں نے گابالا کے اسٹیج پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔فرہاد بدلبیلی نے کہا کہ فیسٹیول ہر سال مختلف موسیقی کے شعبوں پر مشتمل متنوع اور شاندار پروگرام پیش کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برسوں میں گابالا انٹرنیشنل میوزک فیسٹیول ایک باوقار عالمی ثقافتی تقریب بن چکا ہے، جو دنیا بھر کے ممتاز موسیقاروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتا ہے۔