ترکیہ…ترکیہ کی کروز سیاحت نے جولائی 2025 میں گزشتہ 12 برسوں کا ریکارڈ توڑ دیا، جب ملک کے 18 بندرگاہوں پر 3 لاکھ 26 ہزار 450 مسافر اترے، جو جولائی 2024 کے مقابلے میں 3.3 فیصد اضافہ ہے۔وزارت ٹرانسپورٹ اینڈ انفراسٹرکچر کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میری ٹائم افیئرز کے اعداد و شمار کے مطابق، جنوری سے جولائی تک کل 675 کروز جہاز ترکیہ کی بندرگاہوں پر لنگر انداز ہوئے، جن کے ذریعے 10 لاکھ سے زائد سیاح ملک پہنچے۔ یہ تعداد گزشتہ سال کے اسی عرصے میں آنے والے 577 جہازوں سے نمایاں زیادہ ہے۔اسی مدت کے دوران کل مسافر آمدورفت 10 لاکھ 60 ہزار تک جا پہنچی، جو سالانہ بنیادوں پر 19 فیصد اضافہ ہے اور 2013 کے بعد سے اس عرصے کی سب سے بہترین کارکردگی قرار دی جا رہی ہے۔2024 میں ترکیہ نے کل 18 لاکھ 90 ہزار کروز مسافروں کو خوش آمدید کہا تھا، جبکہ 2025 کے اختتام تک اس تعداد کو 25 لاکھ تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ رفتار برقرار رہی تو ترکیہ یہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔جن بندرگاہوں پر سب سے زیادہ کروز مسافر اترے، ان میں سرِفہرست کوش آداسی رہی جہاں 316 کروز کالز کے ذریعے 5 لاکھ 16 ہزار 930 مسافر پہنچے، جو گزشتہ سال کی نسبت 20 فیصد زیادہ ہے۔ اس کے بعد استنبول رہا، جہاں 127 کروز کالز کے ساتھ 3 لاکھ 1 ہزار 124 سیاح اترے (اضافہ: 16 فیصد)، جبکہ بودروم میں 67,547 (10 فیصد)، ازمیر میں 52,087 (9 فیصد) اور مارماریس میں 22,571 (7 فیصد) مسافر ریکارڈ کیے گئے۔دلچسپ امر یہ ہے کہ جہاں عمومی غیر ملکی سیاحت میں معمولی کمی دیکھی گئی، وہیں کروز سیاحت میں واضح اضافہ سامنے آیا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، جنوری سے جولائی 2025 کے دوران ترکیہ نے 2.1 فیصد کمی کے ساتھ 2 کروڑ 84 لاکھ غیر ملکی سیاحوں کو خوش آمدید کہا۔ماہرین سیاحت کے مطابق، کروز انڈسٹری میں یہ تیزی ترکیہ کی معیشت، مقامی سیاحت اور عالمی سفری نیٹ ورک کے لیے نہایت خوش آئند ثابت ہو رہی ہے۔
ترکیہ کی کروز سیاحت نے جولائی 2025 میں گزشتہ 12 برسوں کا ریکارڈ توڑ دیا
23