غزہ …غزہ پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے تھمنے کا نام نہیں لے رہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 60 افراد شہید اور 343 زخمی ہوگئے۔ شہید ہونے والوں میں 31 ایسے شہری بھی شامل ہیں جو زندگی بچانے کے لیے امداد کے حصول کی کوشش کر رہے تھے۔اسرائیل کی تازہ بمباری کے نتیجے میں کئی رہائشی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسیں شدید تباہی کے باعث متاثرین تک پہنچنے میں ناکام ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری حملوں میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 62 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ ایک لاکھ 56 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ صرف امدادی اشیا کے حصول کے دوران اسرائیلی حملوں میں اب تک تقریبا 2 ہزار فلسطینی شہید اور 14 ہزار زخمی ہو چکے ہیں۔صورتحال اس قدر سنگین ہو چکی ہے کہ بھوک اور غذائی قلت کے باعث بھی 266 فلسطینی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں جن میں بڑی تعداد بچوں کی ہے۔یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ روز فلسطینی تنظیم حماس نے جنگ بندی کے نئے منصوبے پر آمادگی ظاہر کی اور مصر و قطر کے ذریعے اپنا جواب ثالثی کرنے والے ممالک تک پہنچا دیا۔
غزہ میں قیامت خیز دن اسرائیلی بمباری سے مزید 60 فلسطینی شہید ہلاکتوں کی تعداد 62 ہزار سے تجاوز
49