قازقستان نے اپنے ویزا اور امیگریشن قوانین میں اہم تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے ترک شہریوں کو 180 دن کے اندر 90 کیلنڈر دن تک بغیر ویزا قازقستان میں قیام کی اجازت دے دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ترکیہ کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا، سرمایہ کاری، سیاحت اور اقتصادی سفارت کاری کو مستحکم بنانا ہے۔
نئے قوانین کو عوامی مشاورت کے لیے 28 جولائی 2025 تک پیش کیا گیا ہے، جن میں 66 ممالک کے شہریوں کو بھی مختلف مدتوں کے لیے ویزا فری داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔ ان ممالک میں امریکہ، آسٹریلیا، برطانیہ، جرمنی، فرانس، جاپان، متحدہ عرب امارات، جنوبی کوریا، کینیڈا اور اٹلی شامل ہیں۔
ان ممالک کے شہریوں کو ہر دورے میں زیادہ سے زیادہ 30 دن، اور مجموعی طور پر 180 دن کے اندر 90 دن قیام کی اجازت حاصل ہوگی۔
یہ اقدام قازقستان کی پالیسی میں مثبت پیش رفت ہے جو عالمی سطح پر رابطوں کے فروغ اور باہمی تعلقات میں بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔