ترکیہ کے وزیرِ ثقافت و سیاحت مہمت نوری ارسوی نے قدیم رومن شہر اسپینڈوس میں جاری کھدائی اور بحالی کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے “Heritage for the Future” (مستقبل کے لیے ورثہ) منصوبے کی تازہ پیشرفت سے آگاہ کیا۔ یہ قومی منصوبہ 2023 میں افیسس سے شروع ہوا تھا اور اب تک 251 مقامات پر کھدائی جاری ہے، جس کا مقصد ترکیہ کے عظیم ثقافتی ورثے کو محفوظ اور زندہ رکھنا ہے۔
ارصوی نے بتایا کہ اسپینڈوس کا کھدائی کا رقبہ 580 مربع میٹر سے بڑھا کر 3800 مربع میٹر کر دیا گیا ہے، اور 2025 تک یہ رقبہ 13,500 مربع میٹر تک پہنچایا جائے گا۔ اسپینڈوس صرف تھیٹر تک محدود نہیں رہا، بلکہ اب اس کے شہری ڈھانچے، بازار، میونسپل عمارتیں، اور مجسمہ سازوں کی ورکشاپس بھی دریافت ہو چکی ہیں۔
قابلِ ذکر دریافتیں:
- ایک رومن بادشاہ کا 40 سینٹی میٹر بلند مجسمے کا سر، جو غالباً 2.5 میٹر لمبے مجسمے کا حصہ تھا۔
- ابتدائی رومن دور کا ایک مجسمہ، جو ممکنہ طور پر مکمل جسمانی مجسمے سے دوبارہ تراشا گیا۔
- یونانی دیوتا “ہرمیس” کا مکمل مجسمہ، جس میں چادر، سٹاف، سکے رکھنے کی تھیلی، مینڈھا، اور کتبہ شامل ہے۔
نائٹ میوزیم کا رجحان:
2024 میں 27 آثار قدیمہ کے مقامات پر رات کے وقت 4 لاکھ سے زائد سیاحوں نے دورہ کیا۔ خصوصی روشنیوں سے آراستہ یہ مقامات سیاحوں کے لیے رات کو بھی قابل دید بن چکے ہیں۔
وزٹرز کے لیے بہتر سہولیات:
استقبالیہ مراکز، رہنمائی بورڈز، اور پیدل راستوں کی تعمیر جاری ہے۔ منصوبے کے تحت اب تک 5000 سے زائد افراد کو روزگار ملا ہے، جن میں 2000 ماہرین شامل ہیں۔
وزیر ثقافت نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت اس منصوبے کے لیے بھرپور وسائل مہیا کرتی رہے گی تاکہ ترکیہ کے تاریخی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جا سکے۔