استنبول: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ترکیہ کے سرکاری دورے کے دوران استنبول میں منعقدہ 17 ویں بین الاقوامی دفاعی صنعتی میلے میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ترکیہ اور آذربائیجان کے اعلیٰ عسکری حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، جنرل ساحر شمشاد نے ترکیہ کے وزیر دفاع جنرل (ریٹائرڈ) یاسر گولر، ترک جنرل اسٹاف کے چیف جنرل میٹن گوراک، آذربائیجان کے وزیر دفاع کرنل جنرل ذاکر حسنوف اور نائب وزیر دفاع گربانوف اگل سلیم اوغلو سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں دوطرفہ فوجی تعاون، سلامتی، دفاع، انسداد دہشت گردی اور علاقائی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے اور تیزی سے بدلتے جیو اسٹریٹجک ماحول میں اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
مزید برآں، مستقبل میں تکنیکی ترقی اور مشترکہ مشقوں پر تعاون کو فروغ دینے کے لیے بھی عزم کا اظہار کیا گیا، تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔