ترکیہ کے ادارہ جنرل آف فاؤنڈیشنز (VGM) اور جمہوریہ بلغاریہ کے مفتی اعظم کے دفتر کے درمیان بلغاریہ میں واقع دو تاریخی مساجد کی بحالی کے لیے تعاون کا معاہدہ طے پایا ہے۔
یہ معاہدہ انقرہ میں VGM کے ہیڈکوارٹر میں ایک تقریب کے دوران باضابطہ طور پر طے پایا، جس میں VGM کے ڈائریکٹر جنرل سنان آکسو اور بلغاریہ کے مفتی اعظم مصطفی حاجی نے شرکت کی۔

VGM کے جاری کردہ بیان کے مطابق، بحالی کا کام یامبول شہر کی حضرت ابوبکر مسجد (اولڈ مسجد) اور بلیک سی کے ساحلی شہر ورنا کے قریب پرووادیہ کے علاقے میں واقع ساری حسین پاشا مسجد پر ہوگا۔
سنان آکسو نے کہا کہ یہ شراکت داری صرف عمارتوں کی بحالی تک محدود نہیں، بلکہ اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تہذیبی ورثے اور تاریخی یادوں کو زندہ کرنا بھی ہے۔ دونوں مساجد کی بحالی اصل حالت میں کرنے کے لیے کام جلد شروع کیا جائے گا۔
ساری حسین پاشا مسجد جو 1703 میں تعمیر ہوئی، بلغاریہ کے ثقافتی ورثہ قوانین کے تحت ایک محفوظ مقام ہے، جبکہ حضرت ابوبکر مسجد عثمانی دور کے آغاز میں تعمیر ہوئی اور آج بھی عبادت کے لیے کھلی ہے۔
