انقرہ — ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے کہا ہے کہ ترکیہ شام میں امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، اور وہ شام کی علاقائی سالمیت، وحدت اور خودمختاری کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
ترک سفارتی ذرائع کے مطابق، وزیر خارجہ حاقان فیدان نے اپنے شامی ہم منصب اسعد الاشیبانی سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں شام کے جنوبی علاقوں کی صورتحال اور تازہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیدان نے گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا کہ ترکیہ شام میں موجودہ زمینی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور انقرہ کا اصولی مؤقف شام کی خودمختاری اور علاقائی وحدت کے مکمل احترام پر مبنی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس۔را۔ئیل کی شام میں حالیہ کارروائیوں میں مداخلت ناقابل قبول ہے اور بنیامین نیتن یاہو کی حکومت کے وہ اقدامات جو خطے کے امن اور شامی عوام کے مستقبل کے لیے خطرہ ہیں، انہیں فوری طور پر بند کیا جانا چاہیے۔
فیدان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ترکیہ خطے میں استحکام کے قیام اور شام میں پائیدار امن کے لیے فعال کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔