ترکیہ کی مرکزی اپوزیشن جماعت، ریپبلکن پیپلز پارٹی (CHP)، اس وقت شدید اندرونی خلفشار کا شکار ہے، جہاں جماعت کے سابق چیئرمین کمال کلچدار اولو کی جانب سے دوبارہ قیادت سنبھالنے کے عندیے نے نئی سیاسی ہلچل پیدا کر دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، اگر پارٹی کے حالیہ کانگریس کو عدالت کالعدم قرار دیتی ہے، تو کلچدار اولو قیادت کی ذمہ داریاں واپس لینے کے لیے تیار ہیں۔
یہ معاملہ اُس وقت شدت اختیار کر گیا جب ایک قانونی کیس میں پارٹی کی گزشتہ کانگریس کی قانونی حیثیت کو چیلنج کیا گیا۔ یاد رہے کہ اسی کانگریس کے نتیجے میں اوزگور اوزال کو پارٹی چیئرمین منتخب کیا گیا تھا۔ عدالت کی جانب سے 30 جون کو فیصلے کا امکان ہے، جس میں کانگریس کو مکمل طور پر کالعدم قرار دیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق، کلچدار اولو نے قریبی رفقاء کو بتایا ہے کہ وہ پارٹی کو کسی بھی صورت ‘نگراں کنٹرول’ کے تحت نہیں جانے دیں گے اور خود قیادت سنبھالیں گے۔
“چند دن ردعمل آئے گا، پھر سب ٹھیک ہو جائے گا”
صحافی سائیگی اوزتُرک کے مطابق، کلچدار اولو نے پارٹی کے اندر موجود خدشات کو رد کرتے ہوئے کہا:
“گھبرانے کی ضرورت نہیں، صرف دو تین دن ردعمل آئے گا۔ اگر کوئی کہے کہ مجھے ہیڈکوارٹر میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا تو یاد رکھیں، جہاں چیئرمین ہوتا ہے، وہی ہیڈکوارٹر ہوتا ہے۔ معاملات خود بخود سنبھل جائیں گے۔ پھر وہ فیصلہ کیسے کریں گے؟ تنخواہیں کیسے دیں گے؟ امیدوار کیسے چنیں گے؟”
ان بیانات پر شدید ردعمل سامنے آیا۔ موجودہ چیئرمین اوزگور اوزال نے پارٹی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی سختی سے مخالفت کی، جبکہ معطل شدہ استنبول کے میئر، اکرم امام اولو، جو اس وقت بدعنوانی کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں، نے کلچدار اولو پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا:
“یہ واقعہ تاریخ میں شرمناک طور پر یاد رکھا جائے گا۔ آپ کو بددعائیں دی جائیں گی۔”
سابق قائدین کی اپیل
پارٹی کے تین سابق چیئرمین—آلتان اویمن، حکمت چَتِن اور مراد کارایالچِن—نے مشترکہ بیان میں کلچدار اولو سے اپیل کی ہے کہ وہ کشیدگی کو کم کریں اور پارٹی کے ادارہ جاتی نظم و ضبط کا احترام کریں۔
اگر عدالت نے کانگریس کو غیر قانونی قرار دے دیا تو پارٹی ایک قانونی بحران کا شکار ہو سکتی ہے، جس سے نہ صرف اس کی تنظیمی سرگرمیاں معطل ہو سکتی ہیں بلکہ اپوزیشن کے طور پر اس کی مؤثر حیثیت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔ آئندہ اہم سیاسی مراحل کے پیشِ نظر CHP کے لیے یہ بحران فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔