ترکیہ کے شہر دیدم کے رہائشی ورکٹر، بیڈر چاکمک( Bedir Çakmak,) نے اپنی 8 سالہ بیٹی کی خواہش پر اپنی کھدائی کرنے والی مشین کو گلابی رنگ میں رنگ دیا، باوجود اس کے کہ ابتدا میں انہیں دوسروں کے مذاق کا خوف تھا۔ جب ان کی بیٹی ایلف زمرہ نے سنا کہ کھدائی مشین کو دوبارہ رنگا جائے گا، تو اس نے درخواست کی کہ اسے گلابی رنگ میں رنگا جائے۔
چاکمک نے پہلے اس پر ہچکچاہٹ محسوس کی کیونکہ انہیں ڈر تھا کہ لوگ مذاق اُڑائیں گے، لیکن اپنی بیٹی کی خوشی کو مقدم رکھتے ہوئے، انہوں نے نہ صرف مشین کو گلابی رنگ دیا بلکہ اس پر مزاحیہ جملے اور کارٹون کی اسٹیکرز بھی لگائے۔
اب وہ اس مشین کو “پمبیش” (گلابی) کے نام سے جانتے ہیں اور اس کے ذریعے کھدائی کے کام کرتے ہیں۔ چاکمک نے کہا کہ لوگوں نے شروع میں اس پر تنقید کی تھی لیکن بعد میں جب انہیں اس کا مقصد معلوم ہوا، تو وہ ان کی تعریف کرنے لگے۔
بیٹی ایلف زمرہ نے خوش ہو کر کہا کہ میرے والد نے میری بات مانی، اور میں بہت خوش ہوں۔ چاکمک نے اپنی بیٹی کو “پمبیش” چلانے کی تربیت دینے کا بھی ارادہ کیا ہے، کیونکہ ایلف کو تعمیراتی مشینری میں بہت دلچسپی ہے۔