نوروز ایک قدیم تہوار ہے جو دنیا کے مختلف ممالک میں 30 کروڑ لوگ مناتے ہیں اس تہوار کا مقصد کیا ہے اور کیوں منایا جاتا ہے ؟ نوروز جس کا مطلب “نیا دن” ہے اور یہ ہر سال 21 مارچ کو منایا جاتا ہے۔ یہ تہوار ایران، آذربائیجان، ترکیہ، پاکستان، افغانستان اور دیگر ممالک میں بڑے جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔ نوروز کو قدیم فارسی کیلینڈر کے آغاز کے طور پر منایا جاتا ہے اور اسے موسم بہار کی آمد کے طور پر بھی منایا جاتا ہے۔ اس تہوار کا آغاز تین ہزار سال پہلے زرتشتیت مذہب کے پیروکاروں نے کیا تھا۔
تاہم اب یہ تہوار مختلف ثقافتوں اور مذاہب کے افراد کے لیے موسم بہار کی خوشیوں کا جشن بن چکا ہے۔نوروز کی اہم روایات میں سے ایک سب سے مشہور رسم ہفت سین کی ہوتی ہے۔ ہفت سین (Haft Sin) ایک دسترخواں سجایا جاتا ہے جس پر سات مختلف کھانے کی اشیاء رکھی جاتی ہیں جو فارسی حرف سین سے شروع ہوتی ہے،اور ہر ایک کا خاص مطلب ہوتا ہے۔
آذربائیجان میں نوروز کا جشن جُوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔باکو میں جشن کا انعقاد کیا جاتا ہے جہاں موسیقی اور رقص کے ذریعے یہ تہوار منایا جاتا ہے ۔ لوگ آگ پر چھلانگ لگاتے ہیں تاکہ وہ اپنی پرانی پریشانیوں کو جلا کر نئے سال کا خوشی سے آغاز کریں۔
ایران، ترکیہ ، پاکستان اور افغانستان میں بھی لوگ اس دن کو نیا سال، خوشی اور بہار کی آمد کے طور پر مناتے ہیں۔ پاکستان میں پارسی کمیونٹی 20 مارچ کو نوروز مذہبی طور پر مناتی ہے، جبکہ 21 مارچ کو عالمی یوم نوروز کے طور پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
نوروز دنیا بھر میں محبت، اتحاد اور نئے آغاز کا پیغام دیتا ہے، اور یہ تہوار ہر قوم اپنے روایتی طریقوں سے مناتی ہے۔