ترک شماریاتی ادارے (ترک اسٹیٹ) کے مطابق، ترکیہ میں موٹر سائیکلوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور پانچ صوبوں میں موٹر سائیکلوں کی تعداد گاڑیوں سے بڑھ گئی ہے۔ یہ پانچ صوبے ایڈن، کلیس، مانسا، موگلا اور اگڈیر ہیں، جہاں اب موٹر سائیکلوں کی تعداد گاڑیوں سے زیادہ ہوچکی ہے۔
فروری 2025 تک ترکیہ میں 63 لاکھ 29 ہزار 732 موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں۔ موٹر سائیکلوں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت خاص طور پر دیہی علاقوں اور زرعی علاقوں میں دیکھنے کو ملی ہے جہاں کی جغرافیائی حالت کے پیش نظر موٹر سائیکل کا استعمال زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ، کووڈ-19 کی وبا کے دوران گھریلو ڈیلیوری سروسز کی بڑھتی ہوئی مانگ نے بھی موٹر سائیکلوں کے استعمال میں اضافہ کیا ہے۔
کلیس میں موٹر سائیکلوں کی تعداد گاڑیوں سے تقریباً تین گنا زیادہ ہے، جہاں 38,431 موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں جبکہ گاڑیوں کی تعداد صرف 13,370 ہے۔ اسی طرح ایڈن، مانسا، موگلا اور اگڈیر میں بھی موٹر سائیکلوں کی تعداد گاڑیوں سے زیادہ ہوچکی ہے۔
استنبول میں 811,333 موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں جو ترکیہ کے دیگر صوبوں کی نسبت سب سے زیادہ ہیں، اس کے بعد انطالیہ اور ازمیر کا نمبر آتا ہے۔ اس تبدیلی کو دیکھتے ہوئے ماہرین کا کہنا ہے کہ دیہی علاقوں میں موٹر سائیکلیں نقل و حمل کا ایک سستا اور عملی ذریعہ بن چکی ہیں، خاص طور پر زرعی کاموں اور مقامی ٹرانسپورٹ کے لیے۔