ترکیہ کی معیشت نے 2024 میں 3.2% کی شرح سے ترقی کی، جو ماہرین کی پیش گوئی 3.1% سے زیادہ ہے۔ ترکیہ کے ادارہ شماریات (TurkStat) کے مطابق، 2024 کی چوتھی سہ ماہی میں معیشت 3% بڑھی، جو اس بات کی علامت ہے کہ ترکیہ نے عالمی اقتصادی چیلنجز کے باوجود اپنی ترقی کی رفتار کو برقرار رکھا۔رپورٹ کے مطابق، 2024 میں ترکیہ کا مجموعی گھریلو پیداوار (GDP) 63.5% بڑھ کر 43.4 ٹریلین ترک لیرا (1.3 ٹریلین ڈالر) تک پہنچا۔ 2024 کی پہلی سہ ماہی میں 5.4% کے ساتھ سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا، تاہم اس کے بعد معیشت میں سست روی آئی۔ اس کے باوجود، معیشت نے دسمبر 2024 میں 1.7% کی شرح سے ترقی کی۔
معیشت کے مختلف شعبوں میں نمو دیکھی گئی، خاص طور پر تعمیرات، مالی خدمات اور زراعت میں۔ جبکہ دوسری جانب غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا، جس نے ملکی معیشت میں مزید استحکام پیدا کیا۔ حکومت نے ترقیاتی اقدامات اور معاشی اصلاحات کے ذریعے اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کیا۔ یہ کامیابی اس بات کا مظہر ہے کہ ترکیہ نے عالمی اقتصادی بحرانوں اور اندرونی مشکلات کے باوجود اپنی اقتصادی ترقی کی راہ پر کام جاری رکھا ہے، اور ملک میں معاشی استحکام لانے کی کوششیں کامیاب ہو رہی ہیں۔