امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ پر قبضہ کرنے اور فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کے منصوبے پر ترک اسپیکر نعمان قرتولموش نے شدید ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی سرزمین کسی بھی فرد یا ملک کی ذاتی ملکیت نہیں ہے، یہ نہ تو کسی کے لیے کاروبار کی طرح ہے اور نہ ہی کسی کو دینے کے لیے یہ زمین کوپن کی صورت میں ہے۔ نعمان قرتولموش نے جاپان کے اپنے دورے کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ اسرائیلی جارحیت اور غزہ میں ہونے والے انسانی المیے کے بارے میں بات کرتے ہوئے، قرتولموش نے کہا، “فلسطینی عوام جو مشکلات برداشت کر رہے ہیں، وہ صرف عربوں یا مسلمانوں کا مسئلہ نہیں ہے، بلکہ یہ انسانیت کا مشترکہ مسئلہ بن چکا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ہر پلیٹ فارم پر ان کے حقوق کی حمایت کرے گا۔ “چاہے ہم کہاں ہوں یا کس اجلاس میں شریک ہوں، ترکیہ غزہ میں ہونے والے مظالم کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا”، قرتولموش نے کہا۔امریکی صدر کے غزہ پر قبضے کے منصوبے پر تنقید کرتے ہوئے، قرتولموش نے کہا، “فلسطینی سرزمین کسی کی ذاتی ملکیت نہیں ہے، یہ فلسطینی مسلمانوں کی سرزمین ہے، جنہوں نے اس زمین کو اپنے خون سے سیراب کیا۔ یہ سرزمین ہمیشہ ان کی رہے گی، اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس بات کو ہر جگہ واضح کریں اور اس کے لیے ہر ممکن اقدام کریں۔”