ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے فون پر بات چیت کی۔ اس گفتگو میں صدر ایردوان نے شام کے تنازع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں تنازع کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے ترکیہ کی خواہش کا اظہار کیا کہ شام مزید عدم استحکام کا شکار نہ ہو اور شہری ہلاکتوں سے گریز کیا جائے۔
صدر ایردوان نے زور دیا کہ شامی حکومت کو اس موقع پر جامع سیاسی حل کے لیے اپنے عوام کو شامل کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ کشیدگی کم کرنے، شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کی اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے شام کی صورتحال پر اپنے خدشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جنگ بندی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق سیاسی حل کی ناکامی کے سنگین نتائج کا سامنا ہے۔ گوتریس نے زور دیا کہ تمام فریقین بین الاقوامی قوانین کے تحت شہریوں کی حفاظت یقینی بنائیں اور شامی عوام کے مصائب کو ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔