ترکیہ کے وزیر صنعت و ٹیکنالوجی مہمت فاتح کاکر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ترکیہ عالمی ڈرون مارکیٹ میں 70 فیصد حصے کے ساتھ ایک نمایاں قوت کے طور پر ابھر رہا ہے ۔ان کے اس بیان کے بعد، ارب پتی ایلون مسک، جو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مالک ہیں، نے یہ یقین ظاہر کیا کہ مستقبل انسانوں کا نہیں بلکہ ڈرونز کا ہوگا۔
کاکر نے مزید کہا کہ اسرائیل، امریکہ اور چین جیسے ممالک اس شعبے میں پیداوار اور برآمدات کر رہے ہیں، مگر ترکیہ عالمی سطح پر دونوں، مارکیٹ کے حجم اور ٹیکنالوجی کے لحاظ سے، سب سے آگے ہے۔
وزیر نے ترکیہ کی دفاعی صنعت کی دن دوگنی رات چوگنی ترقی پر بھی روشنی ڈالی، جہاں دفاعی برآمدات سال 2023 میں 5.5 بلین ڈالر سے بڑھ کر 6.5 بلین ڈالر سے زیادہ ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے ترکیہ کی فنی ترقی اور خلا کی ٹیکنالوجی میں بھی کامیابیوں کا ذکر کیا، خاص طور پر ترک سیٹیلائٹ ترک سیٹ 6A” کے کامیاب مشن کا حوالہ دیا ۔
کاکر نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ ترکیہ اب عالمی سطح پر جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپنی برآمدات 9 بلین ڈالر تک لے گیا ہے اور 2028 تک اس کی برآمدات 19.5 بلین ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، ترکیہ نے اپنے مقامی طور پر تیار کردہ برقی گاڑی “توگ” کی کامیابی کا بھی جشن منایا، جس کی 40,000 گاڑیاں فروخت ہو چکی ہیں۔