ترکیہ کی پارلیمنٹ نے اسرائیلی حملوں کے بعد لبنان میں اقوام متحدہ کے امن مشن کی مدت میں ایک سال کی توسیع کر دی ہے۔ترکیہ نے لبنان میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں اپنے کردار کو بڑھاتے ہوئے یہ توسیع کی ہے۔ترک صدر رجب طیب ایردوان نے اسرائیل کی طرف سے امن فوج پر فائرنگ کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر اقوام متحدہ اپنی ہی امن فوج کی حفاظت نہیں کر سکتی تو یہ ایک شرمناک اور تشویشناک بات ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایک پیغام میں یواین سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے کہا کہ اقوام متحدہ کی فوج کو فوراً لبنان کی سرحد سے ہٹایا جائے، کیونکہ کئی وارننگ کے باوجود امن فوج وہاں سے نہیں گئی ہے۔ نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کا امن مشن حزب اللہ کو ڈھال فراہم کر رہا ہے۔
اب تک اسرائیلی حملوں میں لبنان کی سرحد پر یواین فورسز کے پانچ اہلکار زخمی ہو چکے ہیں، لیکن اس کے باوجود اقوام متحدہ کی امن فوج نے سرحد چھوڑنے سے انکار کر دیا ہے۔
لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے نیتن یاہو کے اس مطالبے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بیروت نیتن یاہو کے موقف اور UNIFIL کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتا ہے۔