ترکیہ خبر

یومِ فتح معرکۂ حق قومی عزم اور وقار کی علامت ہے: فیصل ممتاز راٹھور

یومِ فتح معرکۂ حق قومی عزم اور وقار کی علامت ہے: فیصل ممتاز راٹھور

مظفرآباد( ترکیہ خبر) وزیراعظم آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ 10 مئی معرکۂ حق کے عزم، حوصلے اور قومی وقار کی یاد تازہ کرنے کا دن ہے، اور جب قوم وطن کے دفاع کے لیے متحد ہو تو دنیا کی کوئی طاقت اسے شکست نہیں دے سکتی۔یومِ فتح معرکۂ حق کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے افسران و جوانوں کو آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی کامیابی پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ مسلح افواج نے جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور بے مثال قربانیوں کے ذریعے دشمن کو شکست دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ ان کے مطابق پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ نے بہادری، حکمتِ عملی اور قومی دفاع کی نئی تاریخ رقم کی ہے، جبکہ آپریشن بنیان مرصوص نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط اور ناقابلِ تسخیر ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم اپنی افواج کی قربانیوں، عزم اور لازوال جذبے کو سلام پیش کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حق اور سچائی کی قوت ہمیشہ غالب رہتی ہے جبکہ شہداء اور غازی پوری قوم کا فخر ہیں، جن کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آنے والی نسلیں ان عظیم قربانیوں سے رہنمائی حاصل کریں گی۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وطنِ عزیز کو امن، استحکام اور ترقی عطا فرمائے۔