قبرص کے قریب ڈوبنے والی مسافر کشتی کا ملبہ مل گیا
انقرہ( تر کیہ خبر)ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے صدر طفان ارہرمین نے کہا ہے کہ اتوار کے روز ساحلی شہر کیرینیا کے قریب الٹنے والی مسافر کشتی کا ممکنہ ملبہ 550 میٹر گہرائی میں تلاش کرلیا گیا ہے۔ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے صدارتی دفتر کی جانب سے جاری تحریری بیان کے مطابق صدر طفان ارہرمین جاری تلاش اور امدادی کارروائیوں کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ سمندر کی سطح اور زیرِ آب بیک وقت کارروائیاں جاری ہیں۔صدر طفان ارہرمین نے کہا کہ تلاش کا کام انتہائی فنی مہارت اور احتیاط کے ساتھ انجام دیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس مرحلے پر ایک ایسی شے کا مقام معلوم کرلیا گیا ہے جس کے بارے میں خیال ہے کہ یہ ڈوبنے والی مسافر کشتی ہی ہے۔ ان کے مطابق مذکورہ شے 550 میٹر کی گہرائی میں موجود ہے اور بظاہر یہی ڈوبنے والی کشتی کا ملبہ ہے۔