ترکیہ خبر

خواتین پارلیمنٹیرینز نےعالمی امن کیلئے مکالمہ اور شمولیت ناگزیر قراردیدی

خواتین پارلیمنٹیرینز نےعالمی امن کیلئے مکالمہ اور شمولیت ناگزیر قراردیدی

استنبول( ترکیہ خبر)استنبول میں جاری انٹر پارلیمانی یونین کی 152ویں اسمبلی کے موقع پر 41واں فورم برائے خواتین پارلیمنٹیرینز منعقد ہوا، جس میں عالمی سطح پر امن، مکالمے اور شمولیت کی اہمیت پر زور دیا گیا۔آذربائیجان کی پارلیمنٹ ملی مجلس کی اسپیکر صاحبہ غفاروا نے اپنے خطاب میں 2025 میں منعقدہ 15ویں خواتین اسپیکرز سمٹ کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور تنازعات، کشیدگی اور بڑھتی ہوئی عدم مساوات سے عبارت ہے، جس میں پارلیمنٹیرینز کو مسائل کے حل کا حصہ بننا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو امن کے قیام کیلئے مکالمے اور شمولیت کی قوت کی اشد ضرورت ہے، اور پارلیمانوں کو اس ضمن میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔صاحبہ غفاروا کے مطابق پیش کردہ رپورٹ دراصل خواتین پارلیمانی سربراہان کی جانب سے منظور کردہ اعلامیہ ہے، جو دنیا بھر کی پارلیمانوں کو متحد ہو کر امن اور شمولیت کے فروغ کیلئے اقدامات کرنے کی دعوت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عملی اقدامات کی اپیلیں اکثر بحران، تنازعات اور عدم استحکام کے ادوار میں سامنے آتی ہیں، نہ کہ صرف پرامن حالات میں۔انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ دنیا کے مختلف خطوں میں جاری جنگوں، تشدد اور خطرات کے اثرات خواتین اور بچیوں پر شدید پڑ رہے ہیں، جو ان کے مستقبل کیلئے بھی سنگین نتائج کا باعث بن رہے ہیں۔انہوں نے فورم کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں رہنے والی خواتین اور بچیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور ان کے تحفظ اور بہتر مستقبل کیلئے مشترکہ کوششیں تیز کریں۔