ترکیہ خبر

وال اسٹریٹ جرنل کا عراق کے صحرا میں اسرائیل کا خفیہ فوجی اڈہ قائم ہونے کا دعویٰ

وال اسٹریٹ جرنل کا عراق کے صحرا میں اسرائیل کا خفیہ فوجی اڈہ قائم ہونے کا دعویٰ

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف فضائی کارروائیوں کے لیے عراق کے صحرائی علاقے میں ایک خفیہ فوجی اڈہ قائم کیا تھا۔رپورٹ کے مطابق عراقی سکیورٹی فورسز کے اہلکار جب معلومات کی بنیاد پر اس مشتبہ اڈے کے قریب پہنچے تو انہیں مبینہ طور پر اسرائیلی فضائی حملوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔اخبار کے مطابق یہ اڈہ ایران کے ساتھ ممکنہ کشیدگی سے قبل ہی قائم کیا گیا تھا، جہاں اسرائیلی اسپیشل فورسز کی موجودگی بتائی جاتی ہے۔ اس مقام کو اسرائیلی فضائیہ کے لیے ایک لاجسٹک مرکز کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا، جبکہ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں بھی تعینات تھیں تاکہ کسی بھی حادثے کی صورت میں پائلٹس کو فوری طور پر بچایا جا سکے۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مارچ کے آغاز میں عراقی فورسز ایک مقامی چرواہے کی اطلاع پر اس علاقے تک پہنچنے کے قریب تھیں، جس نے وہاں ہیلی کاپٹروں کی غیر معمولی نقل و حرکت دیکھی تھی۔تاہم، اس دوران مبینہ طور پر اسرائیلی فضائی کارروائیوں کے ذریعے عراقی اہلکاروں کو علاقے سے دور رکھنے کی کوشش کی گئی۔ بعد ازاں عراق نے اس واقعے پر اقوام متحدہ میں شکایت بھی درج کرائی، جس میں غیر ملکی افواج کے کردار پر سوال اٹھایا گیا، تاہم امریکہ نے اس کارروائی میں کسی بھی شمولیت کی تردید کی ہے۔رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی اور نہ ہی اسرائیلی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے آیا ہے۔