استنبول( ترکیہ خبر) یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ کیئف کی نمائندگی ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں ہونے والے نیٹو سربراہی اجلاس میں کی جائے گی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر زیلنسکی نے مالدووا کی صدر مایا ساندو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ نیٹو اجلاس میں شرکت کی تفصیلات اور طریقہ کار ابھی طے کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ واضح ہے کہ یوکرین اجلاس میں موجود ہوگا، تاہم اس کی نمائندگی کس سطح اور کس شکل میں ہوگی، اس کا فیصلہ ابھی باقی ہے۔رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے کیئف میں ملاقات کے دوران سکیورٹی صورتحال، سرحدی تعاون، توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور یورپی یونین میں شمولیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔دوسری جانب مایا ساندو چرنوبل حادثے کی چالیسویں برسی کی یادگار تقریبات میں شرکت کے لیے کیئف پہنچیں، جس میں یورپ میں تابکاری کے اثرات کو بھی یاد کیا گیا۔