ترکیہ کا نیا ڈپازٹ ریفنڈ نظام معیشت کو سالانہ 30 ارب لیرا کا فائدہ پہنچائے گا
استنبول ( ترکیہ خبر) ترکیہ میں مشروبات کی پلاسٹک، شیشے اور ایلومینیم کی بوتلوں اور ڈبوں کی واپسی کے لیے متعارف کرایا جانے والا نیا ڈپازٹ ریفنڈ نظام ملکی معیشت کو سالانہ تقریباً 30 ارب ترک لیرا کا فائدہ پہنچانے کی توقع ہے۔ترک ماحولیاتی ایجنسی کے مطابق ’’ڈپازٹ ریٹرن سسٹم‘‘ یکم جولائی سے ملک بھر میں ’’زیرو ویسٹ‘‘ پروگرام کے تحت نافذ کیا جائے گا۔اس نظام کے تحت شہری مخصوص نشان والی پلاسٹک، شیشے اور ایلومینیم کی بوتلیں اور ڈبے مقررہ مراکز یا خودکار مشینوں میں جمع کرا سکیں گے، جس کے بدلے انہیں موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے فی بوتل یا ڈبے کے حساب سے ایک ترک لیرا واپس ملے گا۔ترک ماحولیاتی ایجنسی کے سربراہ نور اللہ اوزترک نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف ری سائیکلنگ تک محدود نہیں بلکہ ماحولیاتی، تکنیکی، صنعتی اور اقتصادی پہلوؤں پر مشتمل ایک جامع اور تزویراتی تبدیلی کا منصوبہ ہے۔ان کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف کچرے اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی آئے گی بلکہ وسائل کے بہتر استعمال اور ماحول کے تحفظ میں بھی مدد ملے گی۔