ترکیہ، امریکا کا چھوٹے جوہری ری ایکٹرز پر معاہدہ
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ نیوکلیئر انرجی کمپنی اور امریکی تجارتی و ترقیاتی ایجنسی کے درمیان چھوٹے ماڈیولر ری ایکٹرز اور چوتھی نسل کے جوہری ری ایکٹرز سے متعلق گرانٹ معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بایراکتار نے نیویارک میں ترک ہاؤس میں منعقدہ تقریب کے حوالے سے بتایا کہ معاہدہ نئی نسل کی جوہری ٹیکنالوجیز کی تکنیکی، معاشی اور ضابطہ جاتی افادیت کا جامع جائزہ لینے میں مدد دے گا۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ 2053 تک خالص صفر اخراج اور مکمل توانائی خود کفالت کے اہداف کے تحت اپنے توانائی کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بڑے پیمانے کے جوہری بجلی گھروں کے ساتھ ساتھ ملک کی ضروریات کے مطابق موزوں متبادل کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے مضبوط اور جدید توانائی کا بنیادی ڈھانچہ تشکیل دینے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔