ترکیہ کا اسرائیل سے شام میں فوجی کارروائیاں روکنے اور معاہدے کی پاسداری کا مطالبہ
باکو( تر کیہ خبر) اقوام متحدہ میں ترکیہ کے مستقل مندوب احمد یلدز نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ شام میں غیر ذمہ دارانہ اقدامات بند کرے اور 1974 کے فوجی علیحدگی کے معاہدے پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احمد یلدز نے کہا کہ شام میں پائیدار استحکام اس کی معیشت کی بحالی، غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور علاقائی توانائی و مواصلاتی منصوبوں میں شرکت کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی اسرائیلی خلاف ورزیاں ان امکانات کو نقصان پہنچا رہی ہیں اور بین الاقوامی قوانین سے عدم احترام کا اظہار ہیں۔ترک مندوب کے مطابق جنوبی شام کی صورتحال خاص طور پر تشویش ناک ہے، جہاں مسلسل فوجی دراندازی، توسیع پسندانہ اقدامات اور بیانات بے قابو ہوتے جا رہے ہیں۔احمد یلدز نے مزید کہا کہ اسرائیل کی جانب سے قنیطرہ میں نام نہاد ’’سوفا 53 لائن‘‘ کے ساتھ سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنا 1974 کے معاہدے کو کمزور کرنے اور زمینی حقائق اپنی مرضی کے مطابق مسلط کرنے کی ایک اور کوشش ہے۔