ترکیہ نے غیر انسانی دوزیست بحری بکتر بند گاڑی آئی زاہا متعارف کرا دی
کوچائیلی/استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ کی دفاعی کمپنی ایف این ایس ایس نے بحری دفاعی نمائش ٹیکنو فیسٹ بلیو ہوم لینڈ میں اپنی جدید کثیر المقاصد اور ماڈیولر غیر انسانی دوزیست گاڑی ’’آئی زاہا‘‘ پیش کردی۔کمپنی کے مطابق یہ گاڑی انسانی عملے کے ساتھ کام کرنے والی ’’زاہا‘‘ دوزیست حملہ آور گاڑی کی کامیابی اور تجربے کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔ ایف این ایس ایس کے چیف ایگزیکٹو سلیم بایباش نے بتایا کہ غیر انسانی زاہا منصوبے کا آغاز تقریباً چھ ماہ قبل ہوا اور مختصر مدت میں اس کی تیاری مکمل کی گئی۔انہوں نے کہا کہ آئی زاہا کو مکمل طور پر بغیر انسانی عملے کے چلایا جاسکتا ہے اور یہ مختلف نوعیت کے فوجی مشنز انجام دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔کمپنی کے مطابق آئی زاہا کو ایسے انتہائی خطرناک دوزیست آپریشنز کیلئے تیار کیا گیا ہے جہاں انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالے بغیر مشکل کارروائیاں انجام دینا مقصود ہو۔ گاڑی میں مختلف دفاعی پروگراموں میں آزمودہ آلات اور نظام شامل کیے گئے ہیں۔آئی زاہا کو بحری جہازوں یا دیگر زاہا گاڑیوں سے دور بیٹھ کر چلایا جاسکتا ہے جبکہ اس میں جدید جتھہ بندی کی صلاحیت بھی موجود ہے، جس کے ذریعے متعدد گاڑیوں کو باہمی رابطے کے ساتھ استعمال کیا جاسکتا ہے۔