ترکش ایئرلائنز کا ایشیا پیسیفک خطے میں پروازیں 20 فیصد تک بڑھانے کا منصوبہ
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ کی قومی فضائی کمپنی ترکش ایئرلائنز نے آنے والے برسوں میں ایشیا پیسیفک خطے کیلئے اپنی پروازوں کی تعداد میں 20 فیصد تک اضافہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ترکش ایئرلائنز کے بورڈ چیئرمین مراد شیکر نے بتایا کہ کمپنی ایشیا، آسٹریلیا اور یورپ کے درمیان متبادل فضائی راستہ قائم کرنے کیلئے اہم شہروں کیلئے دوسری اور تیسری پروازیں شروع کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ترکش ایئرلائنز اس وقت 133 ممالک کے 358 مقامات کیلئے پروازیں چلا رہی ہے۔ چین میں فضائی نیٹ ورک کو وسعت دینے کیلئے رواں سال 10 مزید پروازیں شامل کی گئی ہیں، جس سے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 42 ہوگئی ہے جبکہ موجودہ اجازت ناموں کے تحت اسے 49 ہفتہ وار پروازوں تک بڑھایا جاسکتا ہے۔کمپنی نے بیجنگ، شنگھائی اور گوانگ ژو کیلئے پروازوں کی تعداد مقررہ منصوبے سے پہلے ہی بڑھا دی ہے، جبکہ نومبر میں چینگ دو اور ارومچی کیلئے پروازیں شروع کرنے کی تیاری بھی جاری ہے۔