ترکیہ سے کشیدگی بڑھانا غیر ضروری قرار، اسرائیلی سکیورٹی حکام کا نیتن یاہو کو انتباہ
یروشلم/استنبول( تر کیہ خبر) اسرائیلی سکیورٹی حکام نے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کی جانب سے ترکیہ کے خلاف سخت بیانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس طرزِ عمل سے غیر ضروری طور پر کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ خدشات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب 27 اکتوبر کو ہونے والے کنیسٹ انتخابات سے قبل نیتن یاہو حکومت نے ترکیہ اور صدر رجب طیب اردوان کے خلاف بیان بازی میں اضافہ کردیا ہے۔چینل 12 کے مطابق متعدد سکیورٹی حکام ترکیہ کے ساتھ اختلافات کو کھلے تصادم کی جانب لے جانے کے حق میں نہیں اور معاملے کو وسیع تر عوامی محاذ آرائی میں تبدیل کرنے سے گریز چاہتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے منگل کی صبح شام کے صوبے ادلب میں ابو الظہور فوجی اڈے پر حملے کی تجویز دی تھی، جو ترکیہ کی سرحد سے تقریباً 70 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔اسرائیلی سکیورٹی حکام نے حملے کو نمایاں انداز میں پیش کرنے اور سرکاری بیانات میں اسے زیادہ اجاگر کرنے سے گریز کی کوشش کی تاکہ انقرہ کے ساتھ براہِ راست محاذ آرائی کا خطرہ نہ بڑھے۔ حکام نے حملے کے بعد نیتن یاہو اور اسرائیل کاٹز کے سخت عوامی بیانات کو بھی ناپسند کیا۔