ترکیہ خبر

ترکیہ کی خیبرپختونخوا میں پولیس اسٹیشن حملے کی شدید مذمت، پاکستان سے یکجہتی کا اظہار

ترکیہ کی خیبرپختونخوا میں پولیس اسٹیشن حملے کی شدید مذمت، پاکستان سے یکجہتی کا اظہار

استنبول( ترکیہ خبر) ترکیہ کی وزارتِ خارجہ نے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس اسٹیشن پر ہونے والے مہلک حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اور قابلِ مذمت قرار دیا ہے۔وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حملے میں جانوں کے ضیاع پر ترکیہ گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہے اور جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کے ساتھ ساتھ پاکستانی عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ترکیہ ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور انسدادِ دہشتگردی کی کوششوں میں اس کی حمایت جاری رکھے گا۔پاکستان میں حالیہ برسوں کے دوران دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جن کی بڑی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان پر عائد کی جاتی ہے، جبکہ اسلام آباد کا مؤقف ہے کہ یہ عناصر افغان سرزمین سے کارروائیاں کرتے ہیں، جس کی کابل حکومت تردید کرتی ہے۔